مرکزی مواد پر جائیں
Darul Iftaa Irfan-ul-Uloom
District Malakand, Karkanai, Dheri, Julgram
Darul Iftaa Irfan-ul-Uloom
دارالافتاء عرفان العلوم
محلہ خدا کی بستی کرکنری ڈھیری جولگرام بٹ خیلہ، مالاکنڈ
دارالافتاء عرفان العلوم
#10034 نکاح و طلاق نکاح یونیکوڈ 27 October 2026

عنوان: کمیٹی کا زیادہ سے زیادہ مہر مقرر کرنے اور شادی کے موقع پر لڑکے و لڑکی والوں سے رقم لینے کا حکم

سوال:

کیا فرماتےہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہماری قوم  کے علمائے کرام مشران پر مشتمل ایک کمیٹی بنی ہے ۔قوم میں لڑکیوں کے حقِ مہرکو ایک معین طور پر مقررکیا کہ قوم کی ہرلڑکی کا حقِ مہرپانچ لاکھ روپے ہوگا،اس سے ایک روپیہ بھی زیادہ نہیں ہوگا۔

کمیٹی کا یہ کہنا ہے کہ اس سے زیادہ حق مہراداکرناقوم کی اکثریت کی  طاقت میں  نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے لڑکےاور لڑکیوں کے نکاح کا عمل مشکل ہوجاتاہے،اورلڑکے لڑکیوں کے فتنہ میں پڑنے کا اندیشہ ہے ۔لہٰذا فتنہ سے بچنے کےلیے پوری قوم پر یہ فیصلہ ماننا لازمی ہے ،اس فیصلہ کے خلاف ورزی کرنے والوں پر قوم  نے سزابھی مقررکی ہے ۔نیز پانچ لاکھ سے زیادہ لی ہوئی رقم بھی اس سے واپس لی جاتی ہے ۔مزید کچھ مالی جرمانہ بھی مقررہے ،جوکہ کمیٹی کی صواب دید پر منحصر ہے ۔

نیز شادی کے موقع پر کمیٹی کے ممبران لڑکی والوں  سے دس ہزارروپے لیتے ہیں اورلڑکے والوں سے بیس ہزارلیتےہیں ۔کمیٹی ممبران یہ رقم اس فیصلے پر عمل درآمد کی نگرانی کی وجہ  اجرت کے طور پر وصول کرتے ہیں۔

اب شرعایہ معلو م کرناہے:کہ کمیٹی کی جانب سے قومی سطح پر متعین مہر   مقررکرنا درست ہے یا نہیں ؟نیز کمیٹی کا لڑکی لڑکے کے والدین سے  اجرت کے طور پر دس اور بیس ہزار رقم لیناشرعا کیساہے ؟

از: عطاواللہ، چترال

جواب:

شریعت مطہرہ نے   مہر کی کم سے کم مقدار(دس درہم)تو مقرر کی ہے،  لیکن اس سے زیادہ مقدار کی کوئی حد مقرر نہیں کی ہے؛ بلکہ اس کا مدار فریقین کی رضامندی پر موقوف رکھتے ہوئے اس بات کا پابند کیا ہے کہ لڑکی کے خاندان میں اس کی ہم عمر شادی شدہ خواتین کے رکھے گئے مہر سے کم نہ ہو،جسے فقہ کی اصطلاح میں مہر مثل سے تعبیر کیا جاتاہے،جس پر تمام فقہاء متفق ہیں،چنانچہ امیر المؤمنین حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے جب اپنے دورِ خلافت میں زیادہ سے زیادہ مہر کی ایک مقدار (چار سو درہم) مقرر کرنے کا فیصلہ فرمایا، تو ایک عورت نے کھڑے ہو کر یہ اعتراض کیا کہ کیا آپ نے نہیں سنا کہ  اللہ تعالٰی نے مہر کے لئے قنطار(ڈھیر سارا مال) کا لفظ استعمال فرمایا ہے؟ چنانچہ یہ سن کر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اپنی بات سے رجوع فرمایا، نیز چونکہ یہ تمام فقہاء کرام  کے درمیان متفق علیہ مسئلہ ہے، اس لئے اگر قاضی بھی مہر متعین کرنے کا فیصلہ کردے، تو اس کا فیصلہ بھی نافذ نہیں ہوتا، کیوں کہ فقہاء کا یہ اصول ہے کہ قاضی پر لازم ہے کہ وہ ہمیشہ راجح قول پر ہی فیصلہ کرے اور اگر مرجوح قول کو اختیار کرے گا، تو اس کا فیصلہ (صحیح قول کے مطابق) نافذ نہیں ہوگا،پس جب قاضی کے فیصلہ کے بارے میں شرعی حکم یہ ہے توکسی جماعت، برادری، پنجائیت، کو یہ اختیار کیسے ہوسکتاہے ،لہٰذا برادری کی سطح پر مہر مثل کا تعین تو کیا جاسکتاہے،تاہم زیادہ سے زیادہ مہر کے تعین کا اختیار عاقدین کے علاوہ کسی کو نہیں، البتہ مہر زیادہ مقرر کرنا کوئی اچھی بات نہیں، یہی وجہ ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ لوگوں کو مہر کم کرنے کی ترغیب دیتے تھے اور انہیں رسول اللہ ﷺ کی پیروی کرنے کی تلقین فرماتے تھے۔

لہٰذ اصورتِ مسئولہ میں مذکورہ کمیٹی کو   زیادہ سے زیادہ مہرمقرر کرنے کا شرعا اختیارہی نہیں ،البتہ برادری کےلیے مہر مثل کا تعین باہمی مشورہ سے کیا جاسکتاہے، کمیٹی نے پانچ لاکھ روپے سے زائد مہر مقررکرنے پر جو پابندی عائد کی ہے ،اور مالی جرمانہ بھی مقرر کیا ہے ،ایسا کرنا بھی جائز نہیں ،نیز دولہااور دلہن کے والد سے جو نگرانی کے نام پر فیس لینے کا جو اعلان کیا ہے ،اس کا بھی انہیں شرعااستحقاق نہیں۔البتہ کمیٹی والے مہر کم کرنے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔

دلائل:

﴿ یاایتھا النفس المطمئنة، ارجعی الا ربک راضیة مرضیة۔فادخلی فی عبادی۔وادخلی جنتی ﴾
ترجمہ: اے مطمئن نفس۔اپنے رب کی طرف رجوع کرلو۔۔۔۔الخ
(سورۃ سورة النسا — آیت 101-105)
تفسیر مظہری: (ج :2، ص :51، ط :مكتبة الرشیدية)
"قِنْطارًا أي مالا كثيرا صداقا أخرج ابن جرير عن أنس عن رسول الله ﷺ أتيتم إحداهنّ قنطارا قال ألفا ومائتين، ومن هاهنا يظهر أنه لا تقدير لأكثر الصداق وعليه انعقد الإجماع وبهذه الآية استدلت امرأة على جواز المغالات فى المهر حين منع عنها عمر فقال عمر كل أفقه من عمر حتى المخدرات والمستحب إجماعا أن لا يغالى فيه، قال عمر بن الخطاب رضي الله عنه : ألا! لا تغالوا فى صدقات النساء فإنها لو كانت مكرمة فى الدنيا وتقوى عند الله لكان أولاكم بها نبى الله ﷺ، ما علمت رسول الله ﷺ نكح شيئا من نسائه ولا أنكح شيئا من بناته على أكثر من اثنى عشر أوقية." رواه أحمد وأصحاب السنن الأربعة والدارمي."
روح المعانی: (ج :2، ص :453، ط :دار الكتب الع)
"وأخرج أبو يعلى عن مسروق أن عمر بن الخطاب رضي الله تعالى عنه نهى أن يزاد في الصداق على أربعمائة درهم فاعترضته امرأة من قريش فقالت: أما سمعت ما أنزل الله تعالى وَآتَيْتُمْ إِحْداهُنَّ قِنْطارًا فقال: اللهم غفرا، كل الناس أفقه من عمر ثم رجع فركب المنبر، فقال: إني كنت نهيتكم أن تزيدوا النساء في صدقاتهن على أربعمائة درهم فمن شاء أن يعطي من ماله ما أحب."

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

دارالافتاء عرفان العلوم ملاکنڈ

مفتی محمد اسحاق — مفتی

WhatsApp Facebook

متعلقہ فتاوی

اس فتویٰ میں کوئی غلطی نظر آئی؟

یہ ایک شائع شدہ فتویٰ ہے، محض عمومی معلومات نہیں۔ آپ کے مخصوص حالات کے لیے براہ راست دارالافتاء سے رجوع کریں۔